لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ شروع کردیا ہے، ظلم بند نہ کیا تو نتائج کی ذمہ دار پی پی حکومت ہوگی۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ متحدہ نے بھتہ خوروں، دہشت گردوں، قاتلوں اور جرائم میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے مطالبہ کیا تھا اور اسی لیے کہا تھا کہ کراچی میں فوج کو بلاکر آپریشن کیاجائے، اس مطالبے پر سندھ حکومت بدحواسی کا شکار ہوگئی ہے، اس نے ایم کیو ایم اور اے این پی کے کارکنوں کو بلا جواز گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کو ماضی میں جس نے بھی ختم کرنے کی کوشش کی وہ نشان عبرت بن گیا اور آئندہ بھی ایم کیو ایم کو ظلم کا نشانہ بنانے والے حکمران نشان عبرت بن جائیں گے، جلد ہی پی پی پی حکومت کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی مظالم پر احتجاج کا آئینی وقانونی حق رکھتے ہیں اورکارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی جلد ہی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔