کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس چھاپے، متعدد افراد زیر حراست

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاون، لانڈھی، قائد آباد، ملیر، سعود آباد، ماڈل کالونی، کھارادر، گارڈن، میٹھادر اور لیاری میں پولیس چھاپوں کے دوران ایم کیوایم اورعوامی نیشنل پارٹی کے متعدد کارکنوں، ذمہ داروں اور تنظیمی رہنماوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو کے مطابق کھارادراور میٹھادر، گارڈن ، شاہ لطیف ٹاون سے مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے بتایا کہ لانڈھی سے ایم کیو ایم یونٹ 93 بی کے انچارج آصف قریشی، لانڈھی سیکٹر یونٹ 93 اے کے انچارج بابر زین اور یونٹ 59 کے جوائنٹ یونٹ انچارج عبید کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے لیاری سیکٹر سے بھی 7 کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔ واسع جلیل نے کہا کہ سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور متحدہ اپنے کارکنوں اور رہنماوں کوحراست میں لیے جانے کی مذمت کرتی ہے۔

اسی طرح رہنما عوامی نیشنل پارٹی بشیرجان نے کہا کہ شہرکے مختلف علاقوں سے اے این پی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کردرجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ترجمان اے این پی نے بتایا کہ اے این پی ملیر کے صدر سعید افغان، صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 128 کے صدر انور زیب اور جنرل سیکریٹری قاری سجاد، سندھ کونسل کے ممبر حاجی شیر زمان بونیری، ماڈل کالونی وارڈ کے صدر یاسر خان سمیت درجنوں کارکنوں اور رہنماوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔