کوٹری (جیوڈیسک) کوٹری بیراج پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاو مسلسل بڑھ رہا ہے۔ گڈو اور کوٹری بیراجوں کے درمیان دریا کنارے آباد سیکڑوں دیہات ڈوب چکے ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں متاثرین سیلاب کا کوئی پرسان حال نہیں دریائے سندھ بپھرا ہوا ہے۔ سیلابی ریلا سکھر اور گڈو بیراج سے ہوتا ہوا کوٹری بیراج پہنچ رہا ہے اور یہاں سے بحیرہ عرب میں گر رہا ہے۔
سیلاب سے دادو، میہڑ، سیہون اور مانجھند میں دریا کے کنارے آباد مزید 22 دیہات پانی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ اب تک ان علاقوں میں سیکڑوں دیہات ڈوب چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ لوگ نقل مکانی بھی اپنی مدد آپ کے تحت کررہے ہیں۔ پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج کے پانی سے متاثرہ علاقوں میں بھی متاثرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔