اضلاع کی خبریں 29.08.213
Posted on August 29, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ضلع گوجرانوالہ کے کو آرڈ نیٹر محمد سعید اعوان اور دیگر ساتھیوں حافظ عرفان اور ڈاکٹر اعجاز صدیقی کی ریجنل پولیس آفیسر سے ملاقات
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ضلع گوجرانوالہ کے کو آرڈ نیٹر محمد سعید اعوان اور دیگر ساتھیوں حافظ عرفان اور ڈاکٹر اعجاز صدیقی کی ریجنل پولیس آفیسر سے ملاقات میں ضلع گوجرانوالہ میں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے تھانوں اور پولیس ریفارمز کے علاوہ عوامی سطع پر قانونی معاملات پر شعوربلند کرنے پر زور دیا گیا آر پی او نے وعدہ کیا کہ وہ ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سول سوسائٹی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے صدر زرداری کے اس بیان کہ عزت سے رخصت ہو رہاہوں
لاہور(جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے صدر زرداری کے اس بیان کہ عزت سے رخصت ہو رہاہوں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ شاید پیپلز پارٹی اور زرداری صاحب نے کوئی نئی ڈکشنری ایجاد کی ہے جس میں عزت کے معنی مختلف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر ٹن پرسنٹ کے لقب سے شہرت پانے والے زرداری صاحب نے اپنے دور صدارت میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ امریکی غلامی اور عدلیہ سے محاذ آرائی ان کے اضافی کارنامے تھے مگر صدر زرادری اور ان کی پارٹی نے اصل کارنامہ کرپشن کے میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ کر سر انجام دیا۔ پاکستان میں زرداری کی زیر قیادت روزانہ 12 سے 15 ارب روپے کی کرپشن ہوتی رہی۔ صدر زرداری کی طرف سے عزت سے رخصت ہونے کا دعویٰ صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے ۔سیدمنورحسن نے کہاکہ صدر زرداری نے قومی دولت لوٹ کر اربوں روپے سوئس بنکوں میں منتقل کیے جن کا پوری دینا میں چرچا ہے۔ زرداری صاحب کو سوئس عدالت میں پیشی سے بچانے کے لیے ان کے وکیل کو کئی پاپڑ بیلنا پڑے۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ زرداری کا پورا دور صدارت سپریم کورٹ سمیت ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی میں گزرا ہے۔ حج سکینڈل، رینٹل پاور ، ایفی ڈرین، این آر او عملدرآمد سمیت درجنوں کیس سپریم کورٹ میں چلتے رہے۔ ریلوے، پی آئی اے اور سٹیل ملز سمیت بڑے قومی اداروں کا زرداری کی سرپرستی میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بیڑا غرق ہوا ۔ زرداری نے مشرف سے بڑھ کر امریکی غلامی کا ثبوت دیا۔ ڈرون حملے اور ملک میں امریکی و بھارتی تخریب کاری عروج پر رہی اس کے باوجود اگر زرداری صاحب سمجھتے ہیں کہ و ہ عزت سے رخصت ہو رہے ہیں تو یہ ایک لطیفہ ہی ہو سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دیگر صوبوں اور پنجاب میں سب سے بڑا فرق شہباز شریف کی متحرک اور فعال شخصیت کا ہے، وفد یورپی یونین
لاہور(جی پی آئی)یورپی یونین کے 8 رکنی وفدنے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے گفتگو کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا علاقائی اور گلوبل سکیورٹی کے حوالے سے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یورپی یونین پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ہمارے دورے کا مقصد پاکستان میں حالات کا خود آ کر جائزہ لینا ہے۔ یورپی یونین کے وفد نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اس حوالے سے زبردست کام ہوا ہے۔ 9 کروڑ آبادی والے صوبے کو شہباز شریف نے کامیابی سے چلایا ہے اور ان کا جذبہ اور عزم قابل تعریف ہے۔ دیگر صوبوں اور پنجاب میں سب سے بڑا فرق صرف شہباز شریف کی متحرک اور فعال شخصیت کا ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کے ساتھ جرمن زبان میں بھی گفتگو کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی انتظامی صلاحیتوں کے معترف ہیں ، اچھے کاموں کی تعریف ہونی چاہیے
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سندھ سے آئے ہوئے اراکین اسمبلی کے وفد نے آج یہاں ملاقات کی اور ان سے ملکی مسائل ، صوبے کی ترقی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفد کے ساتھ اردو، انگریزی، پنجابی اور سندھی میں بھی گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے جرمنی، بنگلہ دیش، جنوبی کوریا اور بھارت کی مثالیں دے کر بتایا کہ کس طرح ان اقوام نے محنت اور عزم کے ساتھ ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ ایک موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی نہیں بلکہ برابر کا بھائی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی نند کمار نے پنجاب میں اپنی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امیدوں سے بڑھ کر پیار ملا ہے۔ اراکین اسمبلی نے صوبے کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہباز شریف کی انتظامی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ سیاسی وابستگیاں اپنی جگہ لیکن شہباز شریف نے اچھے کام کئے جن کی تعریف ہونی چاہیئے۔ رکن سندھ اسمبلی پنجوبھیل نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ پانچ سالوں میں صوبے کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے ان کی وجہ سے عوام نے عام انتخابات میں ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ نصرت بانو نے کہا کہ دورے کے دوران شہباز شریف کی شخصیت کے ایسے پہلو بھی سامنے آئے جن سے وہ پہلے نا واقف تھے۔ وہ صبح سویرے کام کا آغاز کرتے ہیں اور بسااوقات پروٹوکول اور سیکورٹی کی پرواہ کئے بغیر عام گاڑی اور حتیٰ کہ موٹرسائیکل پر بھی نکل جاتے ہیں۔ شفیع جاموٹ نے کہا کہ لاہور کی سڑکیں اور ترقیاتی کام دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ ایسی سڑکیں اور کام کراچی میں بھی ہوں۔ مہتاب اکبرراشدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی مسائل جاننے میں دلچسپی قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف زبردست انتظامی صلاحیتوں کے مالک ہیں اور وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے فوری اقدامات اٹھاتے ہیں۔ انہو ںنے طالبہ عطیہ لاریب کو حکومتی خرچ پر کالج داخلے پر وزیراعلیٰ کے اقدام کی تعریف کی۔ وفد کے سربراہ فیاض احمد نے بین الصوبائی دوروں کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے گزشتہ حکومت کی طرح موجودہ سیاسی نظام بھی پانچ سال تک چلے۔