کراچی (جیوڈیسک) حکومت نے کراچی امن و امان کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ ذرائع کو فراہم کر دی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وقت کے ساتھ جرائم پیشہ گروہ منظم شکل اختیار کرگئے ہیں، لیاری میں بڑے آپریشن سے گریز کرنا چاہئے۔ وفاقی حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر کو مختلف قسم کے خطرات کا سامنا ہے، اس کی وجہ شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ بھی ہے۔
امن و امان کیلئے بڑے خطرات دہشت گرد، فرقہ وارانہ، لسانی اور سیاسی قتل شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسمگلنگ، منشیات، بھتہ، زمینوں پر قبضے اور ناجائز اسلحہ شہر میں عام ہوچکا ہے، شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے رینجرز اور پولیس کی نفری میں اضافہ کیا۔ وفاقی حکومت کی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے۔
کہ مہاجر ری پبلکن آرمی کے ممبران کی شناخت اور نشاندہی کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، لیاری میں بڑے آپریشن سے اجتناب کرنا چاہئے تاکہ نئے محاذ نہ کھل جائیں، ضرورت پڑنے پر لیاری میں موبائل فون اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے، جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کیلئے جدید آلات کو بروکار لایا جائے۔