سانحہ خروٹ آباد کا ملزم سابق اے ایس آئی رضا محمد قتل

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سانحہ خروٹ آباد کے ملزم سابق اے ایس آئی رضا محمد کو قتل کر دیا گیا۔ خروٹ آباد کے قریب کلی مبارک میں فائرنگ سے رضا محمد شدید زخمی ہوا اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ 17 مئی 2011 کو پانچ چیچن باشندوں کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد رضا محمد کو پولیس سے بر طرف کر دیا گیا تھا۔

رضا محمد برطرفی کے بعد دوبئی چلا گیا تھا اور چند روز قبل ہی گھر والوں سے ملنے کوئٹہ آیا تھا۔ رضا محمد پر 2011 میں بھی مغربی بائی پاس کے قریب فائرنگ کی گئی تھی جس سے اس کا ایک کزن جاں بحق اور رضا زخمی ہوا تھا۔ چیچن باشندوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرنیوالے پولیس سرجن ڈاکٹر باقر کو بھی نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔