لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عوامی مسلم لیگ کے چئیرمین شیخ رشید احمد کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ الطاف حسین نے شیخ رشید احمد کی گاڑی پر ہونے والی فائرنگ کی بھرپور مذمت کی اور اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ شیخ رشید احمد نے الطاف حسین کا فون پر خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی صحت اور تندرستی کیلئے دعا کی۔
علاوہ ازیں الطاف حسین نے اسلام آباد میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔انھوں نے کہاکہ امن دشمن عناصر ملک میں دہشت گردی کے ذریعے پر امن فضا کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثارِ گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ رشید کی گاڑی پر فائرنگ کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔