امریکی خفیہ دستاویز میں اسامہ بن لادن کی لاش کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹیسٹ افغانستان میں واقع امریکی لیبارٹری میں کیا گیا۔ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی موت کے بعد اس حوالے سے مختلف انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین انکشاف اسامہ بن لادن کی لاش کے ڈین این اے ٹیسٹ سے متعلق ہے۔
حال ہی میں منظر عام پر آنے والی امریکی دفاعی بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن میں جاں بحق ہونے والے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی لاش کی تصدیق کے لیے افغانستان میں قائم امریکی لیبارٹری میں ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا۔
اسامہ بن لادن کو امریکی کمانڈوز نے یکم مئی دوہزارگیارہ کی رات ایبٹ آباد میں آپریشن میں فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔ اسامہ کی موت کے فورا بعد ان کی لاش کے ڈی این اے کے نمونوں کی جانچ افغانستان میں قائم امریکی ملٹری لیبارٹری میں کی گئی تھی اور تصدیق کی گئی کہ وہ لاش واقعی اسامہ کی تھی۔ اس سے پہلے امریکی محکمہ دفاع، پینٹا گون ایسی خبروں کی تردید کرتا رہا ہے۔