مسلم لیگ ن سندھ کے صدر غوث علی شاہ پارٹی عہدے سے مستعفی

Ghous Ali Shah

Ghous Ali Shah

خیرپور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ، نائب صدر ممتاز رڈ اور خیرپور کے ضلعی صدر نے پارٹی عہدوں سے استعفے دے دیئے۔ مسلم لیگ ن کے ترجمان کاکہناہے کہ استعفے قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی،خیرپور میں مسلم لیگ ن کے ضلعی صدرعبدالمجید نے ذرائع سے ٹیلے فونک گفتگو میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر غوث علی شاہ اور نائب صدر ممتازرڈ کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی قیادت نے کئی معاملات میں سندھ کی صوبائی قیادت کو نظر انداز کیا، انہوں نے بتایا کہ غوث علی شاہ عمرے کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب گئے ہیں۔

واپس آکر آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل تیار کریں گے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر کی حیثیت سے مستعفی ہونے والے ممتازرڈ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے حالیہ دورہ سندھ میں پارٹی کی صوبائی قیادت کو پوچھا تک نہیں۔ کالا باغ ڈیم سمیت سندھ کے دیگرمسائل پر میاں نواز شریف نے کبھی واضع موقف اختیار نہیں کیا، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ غوث علی شاہ کے استعفے کو قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ لیگی ذرائع کی مطابق دو ہفتے قبل وزیراعظم نواز شریف سے غوث علی شاہ نے اسلام آباد میں ملاقات کر کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

پارٹی ذرائع کہتے ہیں کہ غوث علی شاہ نے 2 ماہ قبل ہی استعفی دے دیا تھا۔ غوث علی شاہ عام انتخابات میں سندھ سے مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر بھی پارٹی قیادت سے نہ خوش تھے۔ ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ ممتاز بھٹو کو بھی ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سے مسلم لیگ ن کے تعلقات پر شدید تحفظات ہیں۔