راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کے علاقے کار چوک کے ایک گھر میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد جھلس گئے، امدادی ٹیموں نے تمام افراد کو ہولی فیملی منتقل کر دیا مگر ڈاکٹروں نے جھلس جانے والے افراد کے علاج کرنے سے انکار کر دیا، جس سے ایک بچی دم توڑ گئی۔ گھر میں سوئی گیس لیکیج ہونے کی وجہ سے آگ لگنے سے ایک خاتون اور دو بچوں سمیت پانچ افراد جھلس گئے، پانچوں افراد ہسپتال پہنچنے کے باوجود رات بھر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہے۔
مگر ڈاکٹر ایک ہی بات پر بضد رہے کہ وارڈ میں کوئی بستر موجود نہیں اور علاج سے انکار کر دیا۔اسی دوران چار سال کی بچی فوزیہ مزید تکلیف برداشت نہ کر سکی اور جان کی بازی ہار گئی۔ ہسپتال میں ایک جانب جھلسے افراد تڑپ رہے تھے تو دوسری جانب ڈاکٹر خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے تھے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ مریضوں پرتین گھنٹے کوئی توجہ ہی نہیں دی گئی۔ ہولی فیملی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے جھلسے افراد کو نظر انداز کرنا وہاں زیر علاج دیگر مریضوں اور ان کے لواحقین کے لئے بھی تکلف دہ بنا ہوا تھا۔