گجرات، حافظ آباد عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سیلاب زدگان کی امداد

گجرات : گجرات، حافظ آباد عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق ” افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن ”کے زیر اہتمام سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نیک آباد سے حضرت پیر محمد افضل قادری، حاجی محمد اسلم جنجوعہ، صاحبزادہ محمد ضیاء اللہ رضوی، علامہ شاہد چشتی، قاری خالد محمود قادری ودیگر اراکین کی زیرنگرانی ” کاروان پیر سیال” نے ونی کے تارڑ ضلع حافظ آباد پہنچ کر 150 خاندانوں میں نقدی، چیک اور خوراک کی صورت میں امداد تقسیم کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر عالمی تنظیم اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری چیئرمین افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کہا کہ حدیث نبوی ہے کہ مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں جس کے ایک عضو کو تکلیف ہوتو سارے جسم کو احساس ہوتا ہے۔ لہذا مسلمانوں کو بھوکے اور مصیبت زدہ
غریب وبے سہار ا لوگوں کو خوراک پہنچانے اور اُن کے مکانوں کی مرمت کیلئے نکل کر سنت ِ نبوی اور طریقہ بزرگان دین پر عمل کرنا چاہیے۔

کاروان کے حافظ آباد پہنچنے پر تنظیم اہلسنت کے مقامی رہنما مولانا محمد یوسف قادری، مہر محمد یونس، فیاض احمد فیضی نے علماء اور معززین ِعلاقہ کے ہمراہ زبردست استقبال کیا اور مقامی تنظیم کی طرف سے 10 خاندانوں کی کفالت کا اعلان کیا۔ صاحبزادہ محمد ضیاء اللہ رضوی نے کہا: ”افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن ”نے اس سے پہلے زلزلہ اور گزشتہ تباہ شدہ سیلابوں وبارشوں میں دور دراز کے علاقوں میں بے مثال خدمتِ خلق کی ہے۔

اس طرح اس مصیبت کی گھڑی میں بھی پاکستان میں ہر سو پہنچ کر غریب لوگوں کی امداد کی جا رہی ہے اور دوسرے مرحلے میں تباہ شدہ مکانوں کی مرمت وتعمیر کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس موقع پر مقامی شخصیت نے حافظ آباد کے سیلاب متأثرین کیلئے ”نظام مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ٹاؤن” قائم کرنے کیلئے 4 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کیا۔