لاہور (جیوڈیسک) پنجاب انرجی کونسل نے چولستان میں قائد اعظم سولر پارک کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کہتے ہیں کہ سولر پارک میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 700 میگا واٹ کے منصوبے لگائے گی۔ لاہور میں وزیر اعلی پنجاب کی صدارت میں پنجاب انرجی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن، وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ قائد اعظم سولر پارک دس ہزار قطعہ اراضی پر قائم کیا جا رہا ہے سولر پارک میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ انفراسٹرکچر ڈویلپ کرنے کے لئے سولر پارک میں ترقیاتی کاموں کا فی الفور آغاز کیا جاء انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب حکومت پچاس ،پچاس میگاواٹ کے آٹھ منصوبوں پر کام شروع کرے گی۔
سولر پارک سے جتنی جلدی ممکن ہو سکے توانائی کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ سولر پارک میں رہائشی کالونی، کمیونٹی ہال، مسجد، سکول، ڈسپنسری اور دیگر سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہونی چاہئے، وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب انرجی فنڈ کے معاملات کو جلد حتمی شکل دی جائے، اجلاس میں وزیر اعلی نے قریبی نہر سے سولر پارک تک پانی کی فراہمی کے مجوزہ منصوبے کی بھی منظوری دے دی۔