حیدر آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے اراکین صوبائی اسمبلی و زونل کمیٹی نے کہا ہے کہ مہاجر ری پبلکن آرمی جناح پور کی طرح کا ایک الزام ہے جس کا کوئی وجود نہیں، کراچی میں کارکنان کی گرفتاری اور چھاپے حکومت سندھ کی ایما پر ہور ہے ہیں۔ ایم کیو ایم حیدرآباد کے ایم پی ایز راشد خلجی، صابر قائم خانی، دلاور قریشی و زونل انچارج محمد شریف خان نے حیدرآباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر ری پبلکن آرمی جناح پور کی طرح کا ایک الزام ہے جس کا کوئی وجود نہیں، مہاجر ری پبلکن آرمی کا الزام اعلی عدلیہ کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔
اراکین کا کہنا تھا کہ کراچی میں فوج طلب کرنے کا مطالبہ آئینی اور قانونی ہے، کراچی میں کارکنان کی گرفتاری اور دفاتر پر چھاپے حکومت سندھ کی ایما پر مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے لسانیت اور نفرتوں کی آگ کا خاتمہ کیا تھا جس کو دوبارہ بھڑکایا جارہا ہے، مہاجر قوم کو آواز حق بلند کرنے کی پاداش میں ریاستی طاقت سے جھکانے کی کوشش کے نتایج سنگین ہوں گے۔