ممبئی (جیوڈیسک) ایک وقت تھا جب بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کی جوڑی کو فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔ فلم بینوں کیلئے خوشخبری ہے کہ ماضی کی یہ خوبصورت جوڑی پھر سے پردہ سیمیں پر جلوہ گر ہونے جا رہی ہے۔ ریکھا اور امیتابھ بچن کی پہلی فلم دو انجانے 1976 میں ریلیز ہوئی اس جوڑی نے سہاگ، مقدر کا سکندر، مسٹر نٹور لال اور رام بلرام سمیت کئی ہٹ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
ریکھا اور امیتابھ بچن کو بالی وڈ کی یادگار اور سب سے کامیاب آن اسکرین جوڑیوں میں ایک مانا جاتا تھا۔ 1981 میں فلم سلسلہ امیتابھ اور ریکھا کی ایک ساتھ آخری فلم تھی۔ اپنے دور کی مقبول ترین فلمی جوڑی عملی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کافی قریب رہی امیتابھ اور ریکھا کی محبت کے قصے ذرائع کی زینت بنتے رہے۔
دونوں حقیقی زندگی میں ایک نہ ہو سکے لیکن بالی وڈ نے ایک بار پھر انہیں سکرین پر اکٹھا کرنے کا بندوبست کر دیا ہے۔ دونوں فنکار اب مزاحیہ فلم ویلکم کے سیکوئل “ویلکم بیک میں ایک ساتھ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔