لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر کسی صورت نہیں روکی جائے گی، اب بھی پانی کے ذخائر نہ بنائے تو چند سالوں میں ملک بدترین قحط سالی کا شکار ہو جائے گا۔ لمز یونیورسٹی لاہور میں پاکستان ایگریکلچر کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ 14 سالوں میں پانی اور زراعت کیلئے کوئی کام نہیں کیا گیا۔
انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ملک میں نیشنل واٹر پالیسی ہی نہیں اب اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نیشنل واٹر پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا جس سے زرعی ترقی بہت متاثر ہوئی۔ سیمینار میں سابق وفاقی وزیر زراعت خیر محمد جونیجو، سلیمان غنی، ڈاکٹر مبارک علی، فواد مختار اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔