کوٹری (جیوڈیسک) سندھ کے سیلاب سے متاثرہ کچے کے علاقوں میں کئی روز بعد بھی پانی کھڑا ہے، کوٹری بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے سے حفاظتی بندوں پر دباو بڑھ گیا۔ دریائے سندھ کا سیلابی ریلا سکھر بیراج سے کوٹری بیراج کی طرف آرہا ہے۔ سحرش نگر، لطیف آباد نمبر 4 اور دیگر علاقوں میں حفاظتی بندوں پر پانی کا دباو بڑھتا جارہا ہے، فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کوٹری بیراج پراس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
خیرپور کی تحصلوں خیرپور، کنگری، گمبٹ اور صوبھو ڈیرو کے کچے کے علاقے پانی میں گھرے ہیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد نواب شاہ کے قریب مڈ منگلی بند پر حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ادھر پنجاب کے ضلع راجن پور کی 5 تحصیلوں میں بارش کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی ہے۔