کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف آپریشن کے دوران رات بھر مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر تین افغان باشندوں سمیت 66 افراد کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی۔ پولیس نے سولجر بازار میں چھاپہ مار کر 10 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ گرفتارملزمان میں تین افغان باشندے اور پولیس پر فائرنگ میں ملوث 2 اشتہاری ملزم بھی شامل ہیں۔
پولیس نے سعود آباد میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ زمان ٹان میں چھاپے کے دوران 9 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملیرسٹی، لانڈھی کالونی، سعود آباد اور شرافی گوٹھ سے 15 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ نبی بخش کے علاقوں اقبال مارکیٹ اور ڈولی کھاتہ سے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پٹیل پاڑہ میں پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مفرور اور اشتہاری ملزم بھی شامل ہیں۔