کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس متحرک ہو ہی گئی، خود سوئی نہ کسی کو سونے دیا۔ رات بھر مختلف علاقوں میں منشیات فروشی اور جوئے کے اڈوں پر چھاپے مار کر 81 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ رات بھر مختلف علاقوں میں منشیات فروشی اور جوئے کیاڈوں پر چھاپے پڑتے رہے۔ ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں بینک ڈکیتی کے ملزم آصف کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
ملزم آصف پر 4 نجی بینکوں میں 70 لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتیوں کا الزام ہے۔ سولجر بازار کے علاقے میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران دو مفرور ملزموں سمیت 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، اسلحہ اور منشیات بھی قبضے میں لے لی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں سے تین افغان شہری ہیں جن کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر پٹیل پاڑہ کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران اشتہاری ملزموں سمیت دس افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ سعود آباد اور لانڈھی میں بھی جوئے اور منشیات فروشی کے اڈوں پر چھاپے مارے گئے اور 17 افراد کو حراست میں لے کر جوئے کی رقم، سٹے کی پرچیاں اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
دوسری جانب پولیس نے عوامی کالونی، شرافی گوٹھ، زمان ٹان، ملیر سٹی، کھوکر اپار، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور تھانہ نبی بخش کے علاقے اقبال مارکیٹ اور ڈولی کھاتا میں کریک ڈان کر کے ایک بنگلہ دیشی سمیت تینتالیس افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، جوئے بازی اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔