امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ شام کے خراب حالات میں امریکہ ملوث ہے، حملہ کر کے اپنا کردار بڑھانا چاہتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لوگ مزید مہنگائی کے لئے تیار رہیں یا ان کے ساتھ احتجاج میں شامل ہو جائیں۔
لاہور میں تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام مصر کی صورت حال پر منعقدہ سیمینار کے بعد ذرائع سے گفتگو میں امریکی صدر کی طرف سے شام پر حملے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے اسے امریکہ کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کے ایجنڈے کے لئے جماعت اسلامی جلد اسلامی تحریکوں کی کانفرنس لاہور میں منعقد کرے گی۔ شام میں سعودی عرب ہی نہیں دیگر ممالک کا موقف بھی امریکہ سے ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو اب مہنگائی کا مقابلہ بھی انہی کو کرنا ہو گا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے مصر میں جاری صورت حال پر مسلمانوں کے اتحاد اور عدم تشدد کی جدوجہد پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے مفادات کے لئے مصری فوج کو سالانہ امداد دی جارہی ہے۔ جو عوام کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ مگر انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل خاموش ہیں۔