لال مسجد آپریشن، غازی عبدالرشید کے قتل کا مقدمہ مشرف کے خلاف درج

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف لال مسجد آپریشن میں غازی عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ایف آئی آر کمرہ عدالت میں درج کی گئی۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف پولیس کے مقدمہ درج نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کیلیے درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی نے کی۔ طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ واضح عدالتی احکامات کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس نورالحق قریشی نے پولیس کو مشرف کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

اندراج کیلیے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ قاسم نیازی کو کمرہ عدالت میں بٹھا دیا۔ جسٹس نور الحق قریشی نے پولیس سے استفسار کیا کہ ابھی تک مقدمہ درج کیوں نہیں کیا گیا، ایس ایچ او تھانہ آبپارہ قاسم نیازی نے مقدمہ درج نہ کر کے توہین عدالت کی۔ عدالت نے مشرف کیخلاف مقدمہ درج کروانے کیلیے ایف آئی آر رجسٹر اور مقدمہ درج کرنیوالے متعلقہ اہلکار کو عدالت طلب کیا۔ مقدمہ درج کرنیوالا پولیس اہلکار ایف آئی آر رجسٹر کے ہمراہ عدالت پیش ہوا جہاں پر سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف قتل، اعانت جرم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔