اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ نے کراچی امن و امان سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے یہ رپورٹ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں پیش کی جو انہوں نے ایوان وزیر اعظم میں کی، ملاقات میں شہباز شریف بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں امن یقینی بنانے کیلئے وفاق کے تعاون کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت جو بھی تعاون مانگے گی، وفاق فراہم کرے گا، ٹارگٹڈ آپریشن کی کمان صوبائی حکومت کو ہی سونپے جانے، ٹارگٹڈ آپریشن کی نگرانی کیلئے مجوزہ کمیٹی کے نام بھی فوری طلب کیے جانے کا فیصلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کسی الزام تراشی سے بچنے کیلئے آئین کے تحت امور سر انجام دے گی۔ دوران ملاقات زمینی حقائق جاننے کیلئے وزیر اعظم کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں کے دوروں کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی میں امن و امان پر خصوصی اجلاس کے انعقاد میں ایک دن کی تاخیر کر دی گئی ہے، اب یہ اجلاس کل کے بجائے بدھ کو منعقد کیا جائے گا۔