لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ایوان سے واک آوٹ کر گئی۔ تاہم اسپیکر کی ہدایت پر دو رکنی کمیٹی انہیں منا کر واپس لے آئی۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی، تاہم اسپیکر نے انہیں روک دیا۔ متحدہ اپوزیشن کے ارکان احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔ انہوں نے اسمبلی کے باہر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ایوان کے باہر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے سبز باغ دکھائے، وہ جسرفتارسے جا رہے ہیں سب کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔اسپیکر رانا محمد اقبال کی جانب سے بنائی گئی دو رکنی کمیٹی اپوزیشن ارکان کو منا کر واپس لے آئی جس کے بعد ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی۔ اجلاس کے دوران ضمنی الیکشن میں کامیاب 12 ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔