عمرکوٹ (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اور عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپر کا کہنا ہے کہ متحدہ کی جانب سے کراچی میں فوج بلانے کامطالبہ درست نہیں، اس حوالے سے وزیر داخلہ کی حکمت عملی سے متاثر ہوں۔ضلع عمرکوٹ کے گاوں مانجھا کر میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواب یوسف تالپر کا کہنا تھا کہ اگر کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ تسلیم بھی کر لیا جائے تو فوج جانے کے بعد حالت دوبارہ خراب ہو سکتے ہیں۔
یہ صورتحال کا واحد حل یہ ہے کہ پولیس اور رینجرز کو بااختیار بنایا جائے۔ زیریں سندھ میں زرعی پانی کی شدید قلت پر تبصرہ کرتے ہوئے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما کاکہنا تھا کہ آبپاشی اہلکاروں اور افسران کی رشوت ستانی کے باعث عمر کوٹ سمیت گردونواح کے علاقوں میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔ پہلے اہلکار سیزن کے حساب سے پیسے لیتے تھے اب گھنٹوں کے حساب سے رشوت وصول کرتے ہیں۔