پاکستان کو توانائی کا بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، کنول نعمان
Posted on September 3, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت توانائی کا بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے اور صنعت، تجارت سمیت دیگر شعبوں پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
توانائی بحران پر قابو پانے اور جلد از جلد لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ کی حکومت نے موثر حکمت عملی اپنائی ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ہائیڈل، سولر ، بائیو ماس، بائیو گیس اور کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا قلع قمع بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ہماری بقاء دہشت گردی کے خاتمے میں مضمر ہے۔