حکومت عوام دوست پالیسیاں بنانے میں مخلص نظر نہیں ہے، قاضی احمد سعید
Posted on September 3, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تین ماہ میں تیسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنا شروع کر دیا ہے۔ پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے اشیاء خورد ونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہ کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں تو کہا تھا کہ وہ خوشحالی لیکر آئیگی لیکن تین مہینوں کے اندر ہی بے رحم مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آ کر تین مہینوں سے ثابت کر دیاہے کہ حکومت عوام دوست پالیسیاں بنانے میں مخلص نظر نہیں ہے۔
چھوٹے ملازمین کیلئے اپنی تنخواہوں سے گھر کا چولہا جلانا ممکن نہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو سکھ کا سانس لینے دے۔ وزیر اطلاعات کہہ رہے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔ لیکن اس وقت عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتیں پہلے والی سطح پر ہی برقرار ہیں۔