نواز شریف کی کراچی آمد پر احتجاج سنار برادری میں پھوٹ پڑگئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) میں بھتے، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان سے تنگ سنار برادری نے نواز شریف کی کراچی آمد پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ تاہم ہڑتال کرنے کے حوالے سے جیولرز کی تنظیموں میں پھوٹ پڑگئی۔ پیر کو آل پاکستان جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سنار برادری کا کراچی میں ایک طویل اجلاس ہوا۔

اجلاس میں انجمن تاجران کراچی اور سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا کراچی میں بھتے، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاج اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا تھا۔

اجلاس کے بعد آل پاکستان جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر سعید مظہر نے بدھ کو نواز شریف کی کراچی آمد پراحتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کراچی پریس کلب سے ریلی نکال کرسندھ اسمبلی کا گھیرا کرنے سمیت اس روز کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا۔۔

اجلاس میں شریک انجمن تاجران کراچی اور سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے چئیرمین ہارون چاند نے ہڑتال کی مخالفت کرتے ہوئے بدھ کو وفاقی کابینہ کے کراچی پر ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اِدھرآل کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ بدھ کو شہر کی تمام مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔