کراچی (جیوڈیسک) تاجروں نے سندھ حکومت پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے نو گوایریاز ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور تین دن کے اندر ٹھوس حکمت عملی کی آس لگا لی ہے۔ گورنر ہاس میں صنعت کاروں اور تاجر رہنماں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے کھل کر اپنے مسائل بیان کیے، تاجر رہنما ایس ایم منیر نے میڈیا کو بتایا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت نے وزیر اعلی اور گورنر کو برطرف کر کے وفاق کو صوبے کا کنٹرول دینے کی درخواست کی ہے۔
آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کا کہنا تھا کہ شہر کے موجودہ حالات کی ذمہ دار سیاسی جماعتیں ہیں۔ امید ہے کہ 3 دن میں میاں نواز شریف امن وا مان کے قیام کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی دیں، اگر ایسا نہ ہوا تو تاجر مایوس ہوکر اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا شروع کردینگے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد تاجر پر امید ہیں کہ حکومت کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے لے کر کراچی کی تجارتی سرگرمیاں اور رونقیں بحال کرنے کے اقدامات کرے گی۔