ریاض پیرزادہ کا ہاکی فیڈریشن عہدیداروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

Riaz Pirzada

Riaz Pirzada

کراچی (جیوڈیسک) بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کراچی میں سابق ہاکی اولمپئینز سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے فیڈریشن پر ایڈ ہاک لگانے کے آپشن سمیت فیڈریشن کے عہدیداروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن پاکستان آئندہ سال ہونیوالے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے تو محروم ہو چکا ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے ہاکی فیڈریشن کے خلاف کسی فوری اقدام کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔

بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے سابق اولمپئیز سے کراچی میں ملاقات کی جن میں سابق کپتان صلاح الدین، سمیع اللہ، کامران اشرف، قمر ابرہیم اور قمر ضیا سمیت دیگر اولمپیئنز شامل تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے نئے الیکشن تک ایڈ ہاک اقدامات سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا جائیگا۔ سابق کپتان صلاح الدین نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اس حوالے سے جلد اقدامات اٹھائیں گے۔

قومی کھیل ہاکی کے زبوں حالی پر حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی قدم نہ اٹھائے جانے پر ہاکی اولمپئینز مایوس دکھائی دئیے اور ہاکی فیڈریشن میں انتخابات میں تبدیلی کے لیے الیکشن کے انتظار کو وقت کا ضیاع قرار دیا۔