راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس جاری ہے۔ ملکی سیکورٹی صورتحال اور لائن آف کنڑول پر جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں جاری کورکمانڈر اجلاس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق خیبر ایجنسی، فاٹا اور کراچی کی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔
افغانستان پر سرحدی صورتحال اور افغان بارڈر پر سیکورٹی فورسز کے مابین تعاون پر بھی گفتگو کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورکمانڈرز کو کابینہ کمیٹی برائے نیشنل سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں کورکمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران شریک ہیں۔