چاول کی 10 فیصدفصل تباہ ہوچکی ہے، جاوید علی غوری

Rice

Rice

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی کا بہاو پاکستان کی جانب کیے جانے بارشوں اور سیلابی ریلے نے پنجاب میں چاول کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچایا ہے جسکے باعث مجموعی طورپر چاول کی 10 فیصدفصل تباہ ہو چکی ہے۔

جاوید علی غوری نے بتایا کہ مقامی مارکیٹ میں باسمتی چاول کی قیمتوں میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہوگا جس سے باسمتی چاول کی برآمدات کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلے اور بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان مریدکے اور کامونکی میں ہوا ہے۔ مریدکے اور کامونکی بارش کے سیلابی ریلے کے باعث چاول کی 50 فیصد سیالکوٹ میں 12 فیصد، ناروال میں15 فیصد،پسرورمیں20 فیصد، نارنگ منڈی میں 15 فیصد، حافظ آباد میں 7 فیصد، جھنگ میں 20 فیصد، چنیوٹ میں 15 فیصدچاول کی تیار فصلیں متاثرہوئی ہے۔

جاوید علی غوری نے کہا کہ حکومت چاول کی فصلوں کے متاثرہ علاقوں میں مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں باسمتی چاول کی فصلیں تباہ ہونے کے باعث چاول کی ذخیرہ اندوزی میں اضافے کے خدشات ہیں جسکے لیے حکومت کو باسمتی چاول کی برآمدات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے چاول کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرنا ہوگا۔