اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسلام آباد فائرنگ واقعے کے مرکزی ملزم سکندر کو اسلحہ دلوانے والے ملزم اختر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11دن کی توسیع کر دی۔ عدالت نے واقعے کی ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اسلام آباد فائرنگ واقعے کے مرکزی ملزم سکندر کو اسلحہ دلوانے والے ملزم اخترکو انسداد دہشت گردی کے جج عتیق الرحمان کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کا 11دنوں کا جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے اسے دوبارہ 16ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران پولیس نے واقعے کی ویڈیو رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، جو عدالت میں دکھائی بھی گئی۔ پراسیکیوٹر سید محمد طیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمہ نے واقعے میں اہم کردار ادا کیا۔
ملزمہ کنول کی وکیل کلثوم خالق نے استدعا کی کہ ملزمہ بے گناہ ہے اس نے کبھی اسلحہ نہیں اٹھایا۔ عدالت نے وکلا کے بیانات اور فوٹیج دیکھنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔