ندیم حسن آصف کی سعودی عرب کے شہر مکہ میں او آئی سی سی کے سیکریٹری جنرل انجینئر عمر عبداللہ کدی سے ملاقات
Posted on September 5, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد, سٹی نیوز
ّاسلام آباد : چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے سعودی عرب کے شہر مکہ میں او آئی سی سی کے سیکریٹری جنرل انجینئر عمر عبداللہ کدی سے ملاقات کی۔ چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف آرگنائزیشن آف اسلامک کیپیٹلز اینڈ سٹیز(OICC) کی 11ویں انٹرنیشنل سائنٹفک سمپوزیم میں شرکت کے لئے مکہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوںنے تین روزہ سمپوزیم میں شرکت کے آخری روز او آئی سی سی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی۔ تین روزہ سمپوزیم میں اسلامی ممالک کے دارالحکومتوں اور شہروں کے میئرز شرکت کر رہے ہیں۔
چیئرمین ندیم حسن آصف نے ملاقات کے دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ سیکریٹری جنرل کو او آئی سی سی کی ایڈمنسٹرٹیو کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کرنے کی بھی دعوت دی اور کہاکہ او آئی سی سی کے رکن ممالک باہمی تعاون اور رابطے سے کئی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل OICC نے چیئرمین سی ڈی اے کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہاکہ بہت جلد اس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دی جائے گی تاکہ آئندہ برس تنظیم کی ایڈمنسٹرٹیو کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جا سکے۔ انجینئر عمر عبداللہ نے کہاکہ تنظیم کو فعال بنانے کے لئے سی ڈی اے کا کردار ہمیشہ اہم رہاہے جسے مزید بھی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ OICC کے ممبر ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے مزید ایسے مواقع بھی موجود ہیں جن پر تبادلہ خیال کر کے ایسے مواقعوں سے مستفید ہوا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی باہمی اتفاق کیا گیا کہ اس فورم کے پلیٹ فارم سے اسلامی ممالک کے دارالحکومتوں کی مستقبل کی تعمیر وترقی اور انہیں مزیدوسعت دینے کے لئے بھی بھر پور مواقع موجود ہیں۔