کراچی (جیوڈیسک) میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی وارداتوں کے خلاف بروقت کارروائی کے لئے شہری حکومت کے کیمروں کا نظام پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ شہری حکومت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں پولیس کی رسائی ممکن نہیں تھی اسٹریٹ کرائم، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے اور دیگر جرائم کیمروں کی آنکھ محفوظ تو کر لیتی تھی۔
تاہم اس کی اطلاع پولیس کو کافی تاخیر سے فراہم کی جاتی تھی جس کا شکوہ آئی جی سندھ نے وزیر اعظم نواز شریف سے کیا۔ وفاقی کابینہ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔
اور محکمہ بلدیات نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر شہری حکومت کی جانب سے نو سو سے زائد کیمرے نصب ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا انتظام اس سے قبل کراچی میونسپل کارپوریشن اور سی پی ایل سی کے پاس تھا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی حوالگی کے بعد مختلف جرائم میں بروقت کاروائی میں مدد ملے گی۔