راولپنڈی (جیوڈیسک) میں موسلا دھار بارش اور اسلام آباد میں بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا، لاہور میں آندھی کے بعد کالے بادلوں نے آسمان پر ڈیرے ڈال لئے۔ جمعرات کی صبح راولپنڈی میں بادل خوب برسے۔
مینہہ میں نہا کر ہر چیز نکھر گئی۔ اسلام آباد کے شہری بھی بوندا باندی سے لطف اندوز ہوئے۔ شام کے وقت بادلوں نے لاہور کا رخ کر لیا۔ پہلے تیز آندھی نے گرمی کو مار بھگایا پھر کالی گھٹاں نے آسمان کو چھپا لیا۔
ایبٹ آباد، مری، چکوال اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہزارہ، گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی اور لاہور میں مزید رم جھم کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔