واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی سینیٹ کمیٹی نے شام کیخلاف فوجی کارروائی کی منظوری دے دی۔ روسی صدر پوٹن کا کہنا ہے کہ شام میں القاعدہ بھی حکومت کے خلاف لڑ رہی ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری جھوٹے ہیں۔ امریکی سینیٹ کمیٹی میں شام پر حملے کے حق میں دس ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں سات ووٹ پڑے۔ فوجی کارروائی کی منظوری دینے پر وائٹ ہاس نے سینیٹ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
روسی صدر پوٹن نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔ پوٹن کا کہنا ہے کہ جان کیری شامی باغیوں میں القاعدہ کی موجودگی سے جان بوجھ کر انکار کر رہے ہیں۔ ادھر روسی ارکان پارلیمنٹ کا وفد شام پر بات چیت کے لیے امریکا پہنچ گیا ہے۔
امریکی ری پبلکن پارٹی کے سینئر رہنما جان بوہنر نے وفد سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔ شام کے لیے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے ایلچی احضر براہیمی روس پہنچ گئے ہیں۔ ابراہیمی شام کے مسئلے کا پرامن حل نکالنے کے لیے جی ایٹ سربراہان سے ملیں گے۔ شام میں سرکاری فوج اور باغیوں میں شدید لڑائی جاری ہے۔ کئی مقامات پر شامی فوج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا ہے۔