راولپنڈی (جیوڈیسک) یوم دفاع کے موقع پر آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم ِدفاعِ پاکستان، وطن عزیز کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 6 ستمبر کو پاک فوج کے جانبازوں نے دفاع پاکستان کے لیے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی، ملک کو اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 1965 میں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوانوں نے عددی اعتبار سے بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کر کے دفاع وطن کو یقینی بنایا، ہم ایک زندہ قوم ہیں جو اپنی سر زمین کی حفاظت کرنا جانتی ہے، قوم متحد ہو تو دشمن اس کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرات بھی نہیں کر سکتا۔