اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے بارہ کہو خود کش حملہ کیس میں ایک خاتون سمیت پانچ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی۔ پولیس نے عبوری چالان عدالت میں پیش کر دیا۔
بارہ کہو خودکش حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے کی۔ بارا کہو خود کش دھماکے کے ملزم ذکا اللہ کی معاونت کے الزام میں ایک خاتون سمیت پانچوں ملزمان کو عدالت میں سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑیوں میں بٹھا کر لایا گیا۔
پولیس نے پانچ ملزمان کے خلاف عبوری چالان عدالت میں پیش کیا۔ چالان میں 26 گواہ شامل کیے گئے اور ملزمان پر خودکش حملے میں معاونت، منصوبہ بندی میں شمولیت اورحملے سے قبل ریکی کے الزامات عائد کیے گئے۔
عدالت نے پانچوں ملزمان میں ولی الرحمن، ہدایت اللہ، صدام، یسین اور مہوش کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی۔