واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے سیکیورٹی خدشات کے باعث لبنان اور ترکی میں اپنے سفارت خانوں کی سیکیورٹی سخت کردی اور لبنان سے غیر ضروری عملے کو واپس بلالیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہاف کے مطابق شام کی صورت حال کے باعث لبنان اور ترکی میں امریکی سفارت خانوں کو خطرات لاحق ہیں۔
امریکا نے بیروت سے اپنے غیرضروری عملے کو واپس بلالیا ہے اور امریکی شہریوں کو بھی لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ میری ہاف کے مطابق لبنانی حکومت امریکی عہدے داروں اور شہریوں کو سیکیورٹی کی ضمانت فراہم نہیں کرسکتی اور حالات خراب ہونے کی صورت میں لبنان سے نکلنے کے راستے بند ہوسکتے ہیں۔
ترکی میں بھی سفارت خانے اور قونصل خانوں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب شام کے خلاف فوجی حملے پر بحث کے لیے امریکی کانگریس کا اجلاس پیر کو ہوگا جب کہ صدر بارک اوباما شام کے معاملے پر امریکی قوم سے منگل کو خطاب کریں گے۔