اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے نیلم جہلم منصوبے کے لئے 15ارب روپے جاری کرنے کا جلد فیصلہ کیا ہے، سیکریٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لئے فنڈز کی فراہمی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا ہے آزاد کشمیر میں زیر تعمیر 969 میگاواٹ کا پن بجلی منصوبہ گزشتہ چند ہفتوں سے فنڈنگ نہ ملنے کی وجہ سے سست روی کا شکار تھا۔
سیکریٹری پانی وبجلی سیف اللہ چٹھہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے اس پن بجلی منصوبے کے لئے 15ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ رقم جلد مل جائے گی۔
سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ منصوبہ دسمبر 2015 یا جون 2016 تک مکمل ہونا ہے اور اس کی تکمیل سے قبل روات تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔