چکوال کی خبریں ( اعجاز بٹ سے) 6/9/2013
Posted on September 7, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
ماتمی جلوس کے مرکزی راستے سے برآمد ہونیوالے دستی بم نے پولیس کے ہوش اڑا دئیے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چکوال سے بیالیس کلومیٹر دور گاہی میں ماتمی جلوس کے مرکزی راستے سے برآمد ہونیوالے دستی بم نے پولیس کے ہوش اڑا دئیے۔ ریسکیو15تھانہ کلرکہار، بوچھال چوکی اور ریسکیو1122کی ٹیمیں کئی گھنٹے تک دستی بم سے دور کھڑی تماشہ دیکھتی رہیں۔تفصیلات کے مطابق گاہی میں ماتمی جلوس کے مرکزی راستے پر اچانک دستی بم کی موجودگی کی اطلاع ملی جو سید ناصر حسین شاہ کی دیوارکے باہر کی جانب چھپایا گیاتھا۔ناصر حسین شاہ نے فوری طور پر تھانہ کلرکہار کو اطلاع دی مگر پولیس نے بم اٹھانے سے انکار کر دیا۔جبکہ ریسکیو ون فائیو اور 1122پر بھی اطلاعات دی گئیں۔ مگر کوئی کاروائی نہ ہوئی۔اہلیان گائوں کے شدید احتجاج پر پولیس کو کاروائی کرنا پڑی۔ تاہم پولیس کا موقف تھا کہ یہ ذمہ داری بم ڈسپوزل سکواڈ کی بنتی ہے۔ جس کا چکوال میں وجود ہی نہیں۔بم کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈھڈیال میں خاوند نے والدہ کے ساتھ مل کر جوانسالہ بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش پنکھے کے ساتھ لٹکا دی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈھڈیال میں خاوند نے والدہ کے ساتھ مل کر جوانسالہ بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش پنکھے کے ساتھ لٹکا دی۔مقتولہ شہناز بی بی کی شادی چھ سال قبل ظہیر عباس ساکن ڈھڈیال سے ہوئی تھی اور اس کا خاوند اسے اکثر تشدد کا نشانہ بناتاتھا۔ وقوعہ کے روز ملزم ظہیر عباس نے اپنی والدہ رشیدہ بیگم کے ساتھ مل کر بیوی شہناز بی بی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اور بعد ازاں اس کی لاش پنکھے کے ساتھ لٹکا دی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او چکوال ان ایکشن کئی سال گزرنے کے بعد بالآخر سیوریج اور ڈرینج کی ترقیاتی سکیموں پر نامکمل اور ادھورے کام کا نوٹس لے لیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)روزنامہ الشرق میں شائع ہونے والی خبروں کے نتیجہ میں ڈی سی او چکوال ان ایکشن کئی سال گزرنے کے بعد بالآخر سیوریج اور ڈرینج کی ترقیاتی سکیموں پر نامکمل اور ادھورے کام کا نوٹس لے لیا۔ ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو دو ہفتے کے اندر کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم،اس سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او چکوال نے ہدایت کی کہ ڈرینج اور سیوریج ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کر کے اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں نکاسی آب کے نظام کو بروقت فعال رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو نامکمل اور ادھورا چھوڑنے اور تاخیری حربے استعمال کرنے والوں کے ساتھ سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔ ڈی سی او چکوال نے ایکسین پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کے کام میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملکوال سے راولپنڈی جانے والی بد قسمت مسافر وین کو حادثہ
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملکوال سے راولپنڈی جانے والی بد قسمت مسافر وین کو حادثہ،مسافر وین تیز رفتاری کے باعث بلکسر انٹر چینج کے قریب درخت سے ٹکرا گئی اور موقع پر چار افراد جاں بحق اور آٹھ شدید زخمی ہو گئے مسافر وین جس کا نمبر Jf-3916ہے اس کے الائے رم ٹوٹنے کے باعث حادثہ پیش آیا موٹر وے پولیس اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی۔ایچ۔کیو ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔ جہاں پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی زخمیوں کی کل تعداد آٹھ بتائی جاتی ہے جن میں دو خواتین ،ایک بچہ اور پانچ مرد جبکہ جاں بحق ہونے والوں چاروں مرد ہیں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ملکوال ضلع سرگودھا سے ہے۔