اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں جاری چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں کمیشن کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدلیہ، آئین اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کویقینی بنارہی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز اور بار کے نمائندے شریک ہیں۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی سے متعلق بار کونسلز کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ بارکونسلز نے تجویز کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے۔ صرف چیف جسٹس کو ججز کے نام تجویز کرنے کا جو اختیار ہے وہ باقی ججز اور بار کونسلز سے بھی ہونا چاہیے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ایک فعال ادارہ ہے اور بہت اچھے طریقے سے کام کر رہا ہے، جوڈیشل کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کر رہا ہے۔ عدلیہ، آئین اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے ایڈیشنل ججوں کی منظوری دی گئی ہے۔