لاہور (جیوڈیسک) لاہور سے کراچی کے لئے چلائی جانے والی نجی ٹرین سروس کی انتظامیہ کو بھتے کے لئے مسلسل دھمکیاں ملنے لگیں۔ دھمکی آمیز فون کالز سرحد پار سے موصول ہو رہی ہیں۔ تاجر اور صنعت کار تو بھتہ خوروں سے پریشان تھے ہی، اب ٹرین چلانے والے نجی ادارے کو بھی بھتے کے لئے دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔
لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی نجی ٹرین کی انتظامیہ کو افغانستان کے سرحدی علاقے سپن بولدک سے فون آیا، لالا خاصران نے دھمکی دی کہ اگر انہیں 5 کروڑ روپے نہ ملے تو ایک مرتبہ پھر ٹرین کو بم سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
نجی ٹرین انتظامیہ کو افغانستان کے ٹیلی فون نمبر 0093775720774 سے فون کیا گیا۔ کراچی میں تو بھتہ خوری معاشرے کے لئے کینسر بن چکی ہے، اب یہ ناسور پنجاب میں بھی تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ پنجاب میں بھتہ خور ٹیلی فون کے بجائے خط کے ذریعے تاجروں کو دھمکیاں دینے لگے ہیں۔