مضاربہ اسکینڈل : مفتی احسان 13 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Mufti Ehsan

Mufti Ehsan

اسلام آباد (جیوڈیسک) شرعی منافع کا جھانسہ دے کر لوگوں سے ڈھائی سوارب روپے لوٹنے والے گروہ کے سرغنہ مفتی احسان الحق کو تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔ لوگوں کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے والے ملزم مفتی احسان الحق کو اسلام آباد کی نیب عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر راجہ اسد نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف ایک ہزار سے زائد درخواستیں آ چکی ہیں۔ ملزم سے چوالیس کروڑ روپے کی وصولی کی جا چکی ہے جبکہ بہت سی ریکوری باقی ہے۔ راجہ اسد نے بتایا ملزم احسان الحق کی کمپنی سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے رجسٹرڈ نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر سعید الرحمان نے استدعا کی کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کے لیے احسان الحق سے پوچھ گچھ ضروری ہے اس لئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم احسان الحق کو تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے ذرائع سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرے تمام حقائق منظرعام پر لائے جانے کی صورت میں ملزمان سے ریکوری مشکل ہو جائے گی۔