لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی پالیسی روزانہ کی بنیاد پر تبدیل نہ کی جائے۔ ان کا کہنا ہے غیر رجسٹرڈ سموں کو بند کیا جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی، آئی بی اور رینجرز نے خصوصی شرکت کی۔
ڈی جی رینجرز نے کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی آپریشن کی پالیسی روزانہ کی بنیاد پر تبدیل نہ کی جائے۔ وزیراعظم نے یہ احکامات بھی دیے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے مزید موثر بنائے جائیں۔
غیر رجسٹرڈ سموں سے متعلق ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کراچی کے عوام کی نظریں سیکورٹی اداروں پر لگی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر حال میں کامیاب ہونا ہے۔ اجلاس میں اعلی عدلیہ کے احکامات کے مطابق انسداد دہشت گردی کے قانون میں آئینی ترمیم کا فیصلہ بھی کیا گیا۔