اسلام آباد (جیوڈیسک) ملکی تاریخ کے 66 برس میں آصف زرداری پہلی شخصیت ہیں، جنہوں نے قصر صدارت میں آئینی مدت پوری کرلی ہے۔ اتوار کی رات 12 بجتے ہی ان کے نام کے ساتھ سابق صدر کا سابقہ لگ جائے گا،آج ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آرنرکی تقریب ایوان صدرمیں ہوگی۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی صدر کو الوداعی سلامی کے ساتھ ہی ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی مصروفیات اپنے اختتام کو پہنچ جائیں گی۔
رات 12 بجے ان کے نام کے ساتھ سابق صدر کا لاحقہ لگنے لگے گا۔ اس طرح وہ پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں پہلے جمہوری حکمران ہوں گے جنہیں بطور صدر پاکستان اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق گارڈ آف آرنر لینے کے بعد آصف زرداری ایوان صدر سے لاہور روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی ان کی سیاسی زندگی کا ایک نیا سفر شروع ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 9 ستمبر کو آصف علی زرداری نئے منتخب صدر ممنون حسین کی تقریب حلف برداری میں بطور سابق صدر شریک ہوں گے اور یہ لمحات بھی ایک اہم سنگ میل کے طور پر پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ہمیشہ کے لیے حصہ بن جائیں گے۔