گوجرانوالہ میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا صنعتکاروں کی شکایت پر گوجرانوالہ میں ہنگامی دورہ
Posted on September 8, 2013 By Tahir Webmaster گوجرانوالہ
وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے صنعتکاروں کی جانب سے صنعتی حلقوں میں دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی شکایت پر گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تاجروں کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی، میٹنگ کے دوران عابد شیر علی نے صنعتکاروں اور شہریوں کی ہر طرح کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے، انہوں نے محکمہ کے تمام ایکسئین اور ایس ای سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کھلی کچہریاں لگائیں جہاں وہ عوامی مسائل کو سنیں اور فوری طور پر ان کا سد باب بھی کریں ،ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سرکاری ملازم بجلی چوری کروانے میں ملوث پایا گیا تو اسکو نا صرف نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔
بلکہ اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی ،وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بجلی کے شارٹ فال کا مسئلہ سابقہ حکومتوں کا قائم کردہ ہیں ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں جسے گھمائیں اور فوری مسائل حل ہو جائیں، عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں ڈنڈوں اور بندوقوں کی بناء پر بجلی چوری کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام میں دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی فعال کردار ادا کرنا پڑے گا ،انہوں نے بتایا کہ بجلی کے شارٹ فال پر قابو پانے کے لیے نندی پور پاور پراجیکٹ، دھاسو ڈیم اور نیلم پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔
کسانوں کو ٹیوب ویلز کی مد میں بائس ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، این ٹی ڈی سی سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ بجلی چوری کی روک تھام کی جا سکے، انہوں نے صنعتکاروں کی شکایت پر چیف آفیسر کو حکم دی کہ وہ اپنے اے سی والے دفتر کے دروازنے صنعتکاروں سمیت عام عوام کے لیے کھولیں اور ان کی شکایات بھی ازالہ کریں۔