علم کے مشعل کو روشن کرکے ہی ملک سے دہشت گردی، لاقانونیت کا خاتمہ اور ملکی ترقی، عوامی خوشحالی کے خواب کی تعبیر ممکن ہے، نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ علم کے مشعل کو روشن کرکے ہی ملک سے دہشت گردی ،لاقانونیت کا خاتمہ اور ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے خواب کی تعبیر کو ممکن بنا یا جاسکتا ہے ہمارے ملک کے نوجوان طبقہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے ساتھ تعلیم کو عام کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو وقف کردیں انہوں نے معاشرے میں جہالت سمیت دیگر برائیوں کا جڑ تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں دوہرے معیار کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ دوہرے معیار کا خاتمہ کرکے ہی پاکستان سے جہالت اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے زیر اہتمام یوم دفاع اور عالمی یوم خواندگی کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں شاہ فیصل کالونی میں تعلیم اور کھیل سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں اور نوجوانوں میں اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مزید کہاکہ ہمارے ملک کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں علمی میدان ہو یا کھیل کا میدان ہر شعبے میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا جوہر دکھانے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

بس ضرورت ہے تو اُن کی سرپرستی کی انہوں نے حکومت پاکستان، سندھ حکومت اور مقامی حکومت سے کہا کہ وہ نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لئے ان سے تعاون اور سرپرستی کو یقینی بنا ئیں رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا پاکستان سے جہالت کے خاتمے اور پڑھا لکھا پاکستان کے خواب کی تعمیر کے لئے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا جائے تعلیمی نظام کی درستگی کے لئے دوہرے تعلیمی معیار کا خاتمہ کرکے یکساں تعلیمی نظام کا قیام یقینی بنا یا جائے انہوں نے کہاکہ علم کے فروغ کے لئے جنگی بنیادوں پو اقدامات کی ضرورت ہے موجودہ صدی میں علم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم نہ صرف تعلیم کو پروان چڑھا سکتے ہیں بلکہ اپنے معاشرتی ترقی میں بھی اضافہ لاسکتے ہیں۔

نشاط ضیاء قادری نے گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان کو علمی فروغ اور کھیل کے مختلف شعبوں کی ترقی کے حوالے سے عملی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اُن کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی اُن کو اپنی فیلڈ میں نمایاں کا رکردگی کا جوہر دکھانے کا بہترین ذریعے ہے اور اُمید ہے کہ اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے تحت آج طالب علموں اور نوجواں کے اعتراف میں منعقدہ یہ تقریب نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اساتذہ اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو بہتر تعلیمی و تربیت اور نگہداشت کریں تاکہ آج کے بچے ہمارا تابناک مستقبل بن سکیں تقریب کے اختتام پر تعلیمی اور کھیل کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے طلباء و طالبات اور نوجوانوں میں اسناد و انعامات تقسیم کی گئی۔