اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی ایئرلائن کی حج پروازوں کا آغاز ہوگیا۔ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 250 عازمین کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ سے بھی حج پروازیں روانہ ہوں گی۔
عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے کے لیے پی آئی کی پروازیں 9 اکتوبر تک جاری رہیں گی جب کہ حجاج کرام کی واپسی 19 اکتوبر سے 18 نومبر تک ہوگی۔ اس سال ایک لاکھ 43 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 70 ہزار عازمین پی آئی اے کی پروازوں سے حجاز ِ مقدس پہنچیں گے۔