اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ سے باہرسیاسی جماعتوں کے قائدین کو پیر کے روز ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، جن 14 جماعتوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے، انہی کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے لاہور میں ذرائع کو بتایا کہ کل صبح 11 بجے شروع ہونے والی کانفرنس غیر معینہ وقت تک جاری رہ سکتی ہے،یہ کانفرنس کسی ایک شخصیت کی سربراہی میں نہیں ہو گی۔
وزیراعظم محمد نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ چوکور میز پر آمنے سامنے بیٹھیں گے، ان ذرائع نے مزید بتایا کہ شیخ رشید اور اعجاز الحق کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی،جبکہ گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خصوصی شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق اے پی سی کو پہلے آرمی چیف جنرل کیانی بریفنگ دیں گے، بعد میں ذرائع کو بریفنگ نہیں دی جائے گی بلکہ کانفرنس کی سفارشات سے تحریری طورپر آگاہ کیا جائے گا۔