امریکا اور حواری عالم اسلام کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں، مشتاق احمد

Charsadda

Charsadda

چارسدہ (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ امریکا اور اس کے خواری عالم اسلام کے خلاف اِکٹھے ہو کر سازشیں کر رہے ہیں۔ امریکا اور اس کے اتحادی مغربی تہذیب کے ذریعے مسلم امہ پر وار کر رہے ہیں۔ مرکز اسلامی چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ امریکا کی غنڈہ گردی جاری ہے اور اب شام پر حملے کی تیاری کر رہی ہے جس کی وجہ سے شام کے 20 لاکھ شہری مہاجر بن گئے۔

عوام امریکی سامراج کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی کا واحد مقصد کفار کا راستہ روکنا اور اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کا نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت امریکی تابعداری چھوڑ کر عوام کو تحفظ دیں۔ غریب عوام مہنگائی، لوٹ مار، بدامنی، کرپشن جیسے مسائل سے دو چارہیں جبکہ حکمرانوں کو پارٹی اجلاسوں سے فرصت نہیں مل رہی۔ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے کشکول توڑ انتخابی وعدوں اور دعووں کی نفی کر دی۔

آئی ایم ایف سے قرضے لے کر اس کا سارا بوجھ سود سمیت عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ جماعت اسلامی کے کارکن بلدیاتی انتخابات کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں بلدیاتی اداروں کو بڑے پیمانے پر اختیارات ملیں گے۔ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیسے کی عمل دخل کو ختم کریں۔